نئی دہلی،10اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اپوزیشن جماعتوں نے حال ہی میں کئی ریاستوں میں ہوئے انتخابات کے دوران ای وی ایم کے ساتھ ہوئی چھیڑ چھاڑ کے معاملے کو متحد ہوکر الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھانے کا آج فیصلہ کیا۔پارلیمنٹ میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران نے آج ملاقات کی اور معاملے پر کارروائی کی مانگ کو لے کر الیکشن کمیشن سے ملنے کا فیصلہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر آئندہ تمام انتخابات میں وی وی پی اے ٹی کی سہولت شروع کئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کانگریس مبینہ چھیڑچھاڑ کے مدنظرای وی ایم کی جگہ ووٹ کے استعمال پر زور دے رہی ہے۔پارٹیوں کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن ان خدشات کو دور کرے اور ملک کے شہریوں اور ووٹروں کو اس سنگین مسئلے پر یقین دلائے۔اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات وہ بنیادی حق ہے جس پر پورے ملک کا انتظام ٹکا ہے۔
ایک لیڈر نے کہا کہ اس نظام کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری کسی بھی بنیادی اصول کی خلاف ورزی پر فوری اور سنجیدگی کیساتھ کارروائی کئے جانے کی ضرورت ہے۔ پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد کے چیمبر میں آج ہوئی اس اسٹریٹجک میٹنگ میں کانگریس لیڈران احمد پٹیل، آنند شرما، کپل سبل اوروویک تنکھا کے علاوہ جے ڈی یو لیڈر علی انور انصاری، ترنمول رہنما سکھیندو شیکھر رائے، بی ایس پی لیڈر ستیش مشرا اور ایس پی لیڈر نیرج شیکھر موجود تھے۔این سی پی لیڈر مجید میمن، سی پی ایم لیڈر ڈی راجہ اور آر جے ڈی لیڈر جے پی نارائن یادو بھی میٹنگ میں موجود تھے اور سب نے مسئلے کو مضبوطی کے ساتھ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔